برلن،23دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)جرمنی کی پولیس کا کہنا ہے کہ دو افراد کو ہالینڈ کی سرحد کے قریب اوبر ہاوزن کے ایک شاپنگ سینٹر پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق گرفتار کیے جانے والے دونوں بھائی کوسوو میں پیدا ہوئے، ان کی عمریں 28اور 31 سال ہیں اور انھیں جمعے کی صبح گرفتار کیا گیا۔واضح رہے کہ جرمنی کے دارالحکومت برلن کی مارکیٹ میں ہونے والے حملے میں 12 افراد کی ہلاکت میں بعد ہائی الرٹ ہے۔برلن ٹرک حملے میں مبینہ طور پر ملوث انیس عامری کے اہل خانہ نے ان سے اپیل کی تھی کہ وہ خود کو پولیس کے حوالے کر دیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ اوبر ہاوزن حملے میں ایک شاپنگ سینٹر کو نشانہ بنانے کا ارادہ کیا گیا تھا۔پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انٹیلی جنس سروسز کی اطلاع کے بعد سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو شاپنگ سینٹر اور قریبی کرسمس مارکیٹ کی حفاظت کے لیے بھیجا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابھی یہ معلوم نہیں ہے اس حملے کی تیاری کس پیمانے پر کی گئی تھی یا اس میں کچھ دوسرے افراد بھی شامل تھے۔جرمن حکام کے مطابق ابھی اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ جمعے کو ہونے والی گرفتاری کا تعلق برلن حملے سے ہے۔جرمنی کے حکام کے مطابق جس ٹرک سے حملہ کیا گیا اور جس کے نتیجے میں 12افراد ہلاک ہوئے تھے اس میں انیس عامری کے انگلیوں کے نشان ملے ہیں۔